قلم، کتاب اور کردار ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، طلبہ کی اولین ترجیح
علم کا حصول ہونا چاہیے
کرپشن، جان توڑ مہنگائی، عدم انصاف، بے روز گاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو
مفلوج کر کے رکھ دیا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں لاکھوں طلبہ و طالبات ملک میں حقیقی
تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے
پنجاب اسمبلی سے مزار داتا علی ہجویری تک بیداری شعور طلبہ اجتماع کے حوالے سے منعقدہ
موٹر سائیکل ریلی سے خطاب
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام 19 نومبر کو ناصر باغ میں ہونیوالے بیداری شعور طلبہ اجتماع کے حوالے سے ہزاروں موٹر سائیکلوں کی ریلی پنجاب اسمبلی سے مزار داتا علی ہجویری تک نکالی گئی جس میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ موٹر سائیکل ریلی پنجاب اسمبلی سے ہوتی ہوئی ناصر باغ اور پھر مزار داتا علی ہجویری تک پہنچی جہاں ریلی ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی میں شریک ہزاروں طلبہ نے قومی پرچم، پاکستان عوامی تحریک کے جھنڈے، قائد تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصاویر اور احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر جان توڑ مہنگائی، کرپشن اور فرسودہ نظام تعلیم کے خلاف نعرے درج تھے۔
ریلی کی قیادت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر تجمل حسین اور سیکرٹری جنرل عبدالغفار مصطفوی نے کی جبکہ اس موقع پر عرفان آصف، علی رضا چوہدری اور دیگر طلبہ رہنماء بھی موجود تھے۔
پنجاب اسمبلی چوک میں سینکڑوں شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حافظ تجمل حسین نے کہاکہ حکومت کے 4 سالہ دور اقتدار میں 97 فیصد عوام سے لقمہ چھیننے کی پالیسیاں جاری ہیں، غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی روش جاری ہے جسے عوام مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 نومبر کو ناصر باغ میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا طلبہ اجتماع منعقد ہوگا جس میں موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اپنے خصوصی خطاب میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو حقیقی تبدیلی کیوں اور کیسے کے موضوع پر خطاب کر کے اہم پیغام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان کسی قوم کا مستقبل اور معمار ہوتے ہیں اور ملکی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ کرپشن، جان توڑ مہنگائی، عدم انصاف، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ ان حالات میں ناگزیر ہوگیا ہے کہ مثبت تبدیلی کیلئے طلبہ و طالبات وہی کردار ادا کریں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں مصطفوی سٹو ڈنٹس موومنٹ کے لاکھوں طلبہ و طالبات ملک میں مثبت و حقیقی تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ طلبہ و طالبات نے ہمیشہ علم کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ قلم، کتاب اور کردار ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ طلبہ کی اولین ترجیح علم کا حصول ہونا چاہیے اسی ترجیح کو ملحوظ خاطر رکھ کر ملکی ترقی کیلئے مثبت کردار ادا کیا جاسکتا ہے اور یہ وہی رویہ ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔
پنجاب اسمبلی سے مزار داتا علی ہجویری تک تمام راستوں پر ریلی کے شرکاء کیلئے خوش آمدید اور ناصر باغ کے طلبہ اجتماع کے بینرز آویزاں تھے۔ ریلی سے عبدالغفار مصطفوی، عرفان آصف، علی رضا چوہدری و دیگر طلبہ قائدین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ناصر باغ کا اجتماع لوٹ مار، کرپشن، مہنگائی، فرسودہ نظام تعلیم اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف عدم اعتماد ہوگا۔
تبصرہ