اشرافیہ نے تعلیمی بجٹ کم کر کے مفت، بجلی، پٹرول کا بجٹ بڑھا دیا: شیخ فرحان عزیز

بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کیلئے 25 ارب جب کہ مفت خوروں کیلئے 770 ارب کی رقم رکھی گئی
پاکستان تعلیم پر سب سے کم خرچ کرنے والا ملک ہے: صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں کی ترجیح میں تعلیم شامل نہیں: پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب

MSM Message on Budget 2024

لاہور (02 جولائی 2024ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں ”پوسٹ بجٹ سیمینار“ کا انعقاد کیا گیا۔ پوسٹ بجٹ سیمینار میں طلبہ رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ ملک کی ترقی میں تعلیم کا کردار بنیادی ہے۔ اس لئے ہر ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ملک اپنے نظام تعلیم کو خوب سے خوب تر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ پاکستان میں عملی طور پر صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔
پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر شیخ فرحان عزیز نے کہاکہ اس ملک کی کرپٹ اشرافیہ نے تعلیمی بجٹ کم کر کے مفت، بجلی، پٹرول، گیس کا بجٹ ایک بار پھر بڑھا دیا ہے۔ اعلیٰ تعلیم کیلئے 25 ارب جب کہ مفت خوروں کیلئے 770 ارب کی رقم رکھی گئی ہے۔ پچھلی 7 دہائیوں سے چہرے بدل بدل کر اقتدار میں آنے والوں کی ترجیح میں تعلیم شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ فرسودہ عوام دشمن نظا م میں نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہے۔ اقوام متحدہ نے بھی تعلیمی بجٹ میں اضافے کی تجویز دے رکھی ہے جبکہ بدقسمتی سے پاکستان تعلیم پر سب سے کم خرچ کرنے والا ملک ہے۔
شیخ فرحان عزیز نے کہاکہ تعلیم پر دل کھول کر خرچ کرنے والے ملک آج ترقی یافتہ اور خوشحال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے وطن عزیز پاکستان کے بیشتر شعبہ جات قیام پاکستان سے لے کر اب تک مختلف ادھورے تجربات کا شکار ہیں اور شعبہ تعلیم کا شمار بھی اسی فہرست میں ہوتا ہے۔ تعلیم جیسے انتہائی اہمیت کے حامل شعبے میں اول تو کبھی خاص توجہ نہیں دی گئی۔ اگر کبھی کسی کو بھولے سے خیال آ بھی گیا تو انتہائی ناقص اقدامات کئے گئے۔ بدقسمتی سے پاکستان کا نظام تعلیم دنیا کے 195 ممالک میں سے 165ویں نمبر پر ہے۔
سیمینار سے جنرل سیکرٹری MSM میاں عنصر محمود، ذیشان چوہدری، اسامہ مشتاق، راشد مصطفوی، شوکت علی مغل، عزیر عالم، محب رسول، عزیر یوسف جامی، سہیل مجید و دیگر طلبہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ