ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پاکستان، ممتاز ماہر تعلیم و مذہبی سکالر ڈاکٹر علی وقار قادری نے کہا ہے کہ آج دنیا گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ ان تمام مسائل کا حل پیغمبر اسلام حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا شجرکاری کریں اور قدرتی وسائل کا ضیاع روکیں اگر آج کے انسان صرف درختوں کی حفاظت کر تے تو آج گلوبل وارمنگ جیسے مسائل سر نہ اٹھاتے۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے درخت لگانے، پانی کو محفوظ رکھنے پرزور دیا ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ اعلیٰ ترین اخلاق، سیرت، آداب و اطوار کے مالک تھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ پنجاب میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیرت مصطفی ﷺ کانفرنس و محفل نعت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ طلبہ نے حضور اکرم ﷺ کی شان میں درودوسلام و نعتیہ کلام پڑھ کر ماحول کو معطر کر دیا۔
صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے استقبالیہ کلمات میں سیرت کانفرنس میں شرکت کرنیوالے طلبہ، ڈاکٹر علی وقار سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کی شرکت حضور نبی اکرم ﷺ سے عقیدت و محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو درپیش تمام مسائل کا حل سیرت طیبہ میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کی حقیقی روح اور مفہوم کو سمجھ کر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہ سے رہنمائی لے کر معاشرے میں باہمی احترام و محبت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ کانفرنس سے محسن اقبال، علی قریشی، حماد مصطفی، اسامہ مشتاق، اسامہ ضیاء و دیگر طلبہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ