ایم ایس ایم لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے ”ایجوکیشن بجٹ مارچ“

MSM Education Budget March

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے باہر ”ایجوکیشن بجٹ مارچ“ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد اور خوشحال پاکستان کا مستقبل جدید تعلیم سے وابستہ ہے۔ جب تک قومی وسائل کا بڑا حصہ تعلیم کے فروغ کے لئے خرچ نہیں کیا جائے گا قوم ذہنی غلامی کا شکار رہے گی اور ملک خوشحال نہیں ہو گا۔

ایجوکیشن بجٹ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ جی ڈی پی کا 5 فیصد تعلیم کے لئے مختص کیا جائے۔ ایجوکیشن بجٹ مارچ میں شریک طلباء نے مطالبہ کیا کہ طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے، امن کی تعلیمات کو نصاب میں شامل کیا جائے۔ 10 سالہ تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جائے، تعلیمی نصاب کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کیا جائے، تعلیمی اداروں کو کرپشن سے پاک کیا جائے۔

لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے ایجوکیشن بجٹ مارچ کے شرکاء نے تعلیمی بجٹ میں اضافہ کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ طلباء کا مطالبہ تھا کہ تعلیم کو پہلی ترجیح بنانے کے لئے تمام جماعتیں اور سول سوسائٹی مل کر پالیسی سازوں پر دباؤ بڑھائے۔ جس طرح ایٹم بم بناتے وقت کہا گیا تھا کہ گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے۔ اسی طرح آج بھی ہمیں یہ عزم کرنا ہو گا کہ گھاس کھا کر گزارہ کر لیں گے لیکن تعلیم کے فروغ پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے۔

ایجوکیشن بجٹ مارچ سے ناظم تحریک منہاج القرآن لاہور ممتاز حسین، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور محسن اقبال نے بھی خطاب کیا۔ احمد حسن، شہریار ملک، اسامہ ضیاء، حماد حسن، دانش کھوکھر، طلحہ بھٹی، محمد اسلام سمیت دیگر طلبہ رہنماؤں نے ایجوکیشن بجٹ مارچ میں شرکت کی۔

MSM Education Budget March

MSM Education Budget March

MSM Education Budget March

تبصرہ