ایم ایس ایم کے سینئر رہنما مقتول راؤ فرحان سپرد خاک، قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

ایم ایس ایم کے سینئر راہنما راؤ فرحان ہزاروں سوگوران کی موجودگی میں سپرد خاک، شہید راؤ فرحان مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ بوریوالہ کے نائب صدر تھے۔ مرکزی صدر عرفان یوسف نے تعزیتی بیان میں کہا کہ راؤ فرحان کو ایک ماہ قبل متشدد طلبہ تنظیم کے غنڈوں نے فائرنگ کرکے شدید زخمی کیا تھا۔ بوریوالہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نائب صدر راؤ فرحان کو بوریوالہ شاہ زکریا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ میں مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف، مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم چوہدری ضلج انقلابی سیکرٹری، سوشل میڈیا ہیڈ ایم ایس ایم سیدفراز ہاشمی، عمران بھٹی صدر ایم ایس ایم جنوبی پنجاب، میر احسن منیر صدر ایم ایس ایم کشمیر و ناردرن زون، سابق مرکزی سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین سمیت ہزاروں کارکنان ایم ایس ایم اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت انگیز مناظر دیکھنے کو آئے، اس موقع پر ہر آنکھ اشک بار تھی۔ شہید راؤ فرحان کو ان کی وصیت کے مطابق ایم ایس ایم اکے پرچم میں دفن کر دیا گیا۔ مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ راؤ فرحان کا خلا کبھی پورا نہیں ہوپائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان شاء اللہ راؤ فرحان کا انصاف لے کر دم لیں گے۔ راہنماؤں نے کہا جو طلباء امن، رواداری، کے داعی ہیں انھیں غنڈہ عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑا جائے گا تو پھر امن کبھی نہیں آئے گا، راؤ فرحان کے قاتلوں کو عبرت ناک سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تبصرہ