مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 25 واں یوم تاسیس یکم دسمبر کو الحمراء کلچرل کمپلیکس قذافی سٹیڈیم میں ہو گا۔ قومی طلبہ کنونشن میں مختلف کالجز و یونیورسٹیز سے 10 ہزار سے زائد طلباء شرکت کریں گے۔ کنونشن کی تیاریاں و انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد، راجہ ندیم، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف، ضلج انقلابی، فراز ہاشمی، اخلاق حسین نے الحمراء کلچرل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پروگرام کے لیے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سمیت طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپور اور جواد حامد نے قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دیں۔
چوہدری عرفان یوسف نے خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماءوں کو قومی طلبہ کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی طلبہ کنونشن میں ملک بھر کی اہم یونیورسٹیز اور کالجز کے 10 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کرینگے۔ طلبہ رہنماءوں کو کنونشن میں شرکت کےلئے دعوت نامے بھیج دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کنونشن میں اہم علمی، سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنما، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سابق صدور، ناظمین و دیگر عہدیداران بھی قومی طلبہ کنونشن میں شرکت کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیم کے فروغ اور طلبہ حقوق کے تحفظ کےلئے کوشاں ہے، سلور جوبلی تقریب کے موقع پر منعقد ہونیوالا قومی طلبہ کنونشن فروغ تعلیم اور طلبہ کے حقوق کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، قومی طلبہ کنونشن میں اہم مطالبات پیش کرینگے۔
اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی 25 سالہ جدوجہد امن، محبت اور علم کے لئے ہے۔ تعلیمی بجٹ میں اضافے اور یکساں تعلیمی نظام سے پاکستان کو تعلیمی پسماندگی کا شکار ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کو 7 دہائیوں سے تعلیمی مسائل کا سامنا ہے جن پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ طلبہ کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو قو میں طلبہ کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں انکا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتا ہے۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دنیا میں اسی قوم نے ترقی کی جس نے تعلیم کو ترجیح دی۔ جن اقوام نے تعلیم کو اہمیت دی وہی آج فخر کے ساتھ سر اٹھانے کے قابل ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فروغ عشق رسول ﷺ، طلبہ کے حقوق اور ملک میں تعلیم کے فروغ کےلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان بنانے کےلئے طلبہ نے بے شمار قربانیاں دیں استحکام پاکستان کے لئے بھی طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
تبصرہ