لٹریری سوسائٹی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام محفل مشاعرہ

لٹریری سوسائٹی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بزم دوستاں کے عنوان سے محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک کے نامور، مستند اور مقبول ترین شعراء نے شرکت کی، محفل مشاعرہ کی صدارت صدارتی ایوارڈ یافتہ نوجوان شاعر شہزاد قیس نے کی شعراء کرام نے اپنے زور کلام سے سامعین کو محظوظ کرتے ہوئے امن و محبت کی شمعیں روشن کیں اور خوب داد وصول کی۔

مشاعرے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، معروف قاری حافظ فرحان عزیز نے تلاوت کلام الٰہی کا شرف حاصل کیا، معروف نعت خواں امیر حمزہ نے نعت رسول مقبول ﷺ کی سعادت حاصل کی، مشاعرے کے میر محفل صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے شعراء کرام اور سامعین کو خوش آمدید کہتے ہوئے محفل مشاعرہ کا باقاعدہ آغاز کیا۔

انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ایک ایسی طلباء تنظیم ہے جو سائنس، دینی علوم کے ساتھ ساتھ تحقیق و تصنیف، شعر و شاعری اور اد ب کی خدمت بھی کررہی ہے، ایم ایس ایم کے زیر اہتمام ملک بھر میں اب تک بے شمار حمدیہ، نعتیہ اور دیگر موضوعات و علوم پر مشاعرے اور مذاکرے منعقد ہو چکے ہیں، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تعلیم و تربیت کیساتھ ساتھ فروغ ادب کیلئے بھی ایک متحرک اور فعال اکادمی کا کردار ادا کررہی ہے۔

مشاعرے کے آغاز سے اختتام تک حاضرین کی دلچسپی قائم رہی، جبکہ شعراء نے مختلف موضوعات پر اپنی جامع اور خوبصورت شاعری پیش کی، معروف کالم نگار اور شاعر آغر ندیم سحر، حمزہ ہاشمی سوز، عمران اختر القادری، حنان حانی اور میاں اسامہ نے اپنا کلام پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی، محفل مشاعرہ میں ضیاء الرحمن ذلج، احسان اللہ سنبل، سید فراز ہاشمی، میاں عنصر محمود، اخلاق حسین، عمران یوسف، علی قریشی، میر احسن، فرحان عزیز، بلال شاہ، مصباح نور کے علاوہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما بھی موجود تھے۔

نامور صدارتی ایوارڈ یافتہ نوجوان شاعر شہزاد قیس نے اپنا کلام پیش کیا تو سامعین کی پرخلوص اور پرجوش ولولے سے بھرپور داد و تحسین نے محفل کو خوب گرما دیا،شہزاد قیس نے اس موقع پر سامعین کو داد دیتے ہوئے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے محفل مشاعرہ کو تاب و توانائی دینے کیلئے جن سامعین کا انتخاب کیا ہے وہ نہایت باذوق، باادب اور پرخلوص ہیں۔ یہ ایک خوبصورت معیاری اور تاریخی محفل مشاعرہ ہے۔ نوجوان شعراء نے اپنے کلام سے سامعین سے خوب داد وصول کی، مشاعرے کا اختتام ملک و ملت کی کامیابی،سالمیت اور بقاء کی دعاؤں کیساتھ ہوا۔

تبصرہ