مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ونٹر سٹڈی کیمپ میں طلباء کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوا، جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ کیمپ میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ نے شرکت کی، اس موقع پر علامہ غلام مرتضیٰ علوی، یونس نوشاہی، احسن ایاز کھیتران بھی موجود تھے۔
منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا شاندار مستقبل اور ترقی و حفاظت کی ضمانت ہیں، نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانا ہمارا مشن ہے، کروڑوں بچے سکول نہیں جاتے، والدین میں بچوں کو تعلیم دلوانے کا شعور بیدار کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، منہاج القرآن کے ملک گیر تعلیمی اداروں کی وجہ سے معیار تعلیم میں بہتری اور شرح خواندگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ علم حاصل کرنا بڑی بات نہیں، اس کی روح کے ساتھ مقصدیت حاصل کرنا بڑی بات ہے، نوجوان پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید علوم میں مہارت حاصل کریں، اسلام ایک بامقصد طرز حیات کا نام ہے، جب مقصد واضح ہو تو بے مقصدیت ختم ہو جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ آج سائنس و ٹیکنالوجی کی صدی میں زیر زمین معدنیات کے خزانے اہم نہیں رہے بلکہ پڑھی لکھی ہنر مند یوتھ سب سے بڑا خزانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان زمانہ طالب علمی کے ہر لمحے کو بامقصد بنائیں، ہر لمحہ حصول علم میں گزاریں، جب یہ سوچ بن جائے گی تو پھر ہرلمحہ عبادت کی گھڑی میں تبدیل ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کے دلوں میں عشق مصطفی ﷺ کی شمعوں کو روشن کررہی ہے، ہم نوجوانوں کو بے عملی کی زندگی سے باہر نکالنے کی جدوجہد کررہے ہیں، نوجوانوں کے دلوں میں تعلیمات محمدی ﷺ کی روح کو داخل کرنا ہمارا دینی، قومی فریضہ ہے، مسلمان جب قرآن و سنت کی تعلیم پر عمل پیرا ہو گا تو اس پر دنیا کی ترقی اور خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اسلام اور پاکستانیت کی بنیاد پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چاروں صوبوں کے طلبہ کو ایک جگہ اکٹھا کرتی ہے، فی زمانہ یہ ملک و قوم کی ایک بڑی خدمت ہے۔ انہوں نے ونٹر سٹڈی کیمپ کے کامیاب انعقاد پر ایم ایس ایم کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔
تبصرہ