مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 100 طلبہ کیلئے ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ کا انعقاد ٹاؤن شپ میں ہوا۔ کیمپ ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے گلگت بلتستان سے آئے طلبہ کے وفد کو تربیتی کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ضیاء الرحمن ضلج، احسن ایاز، میاں عنصر، فراز ہاشمی، یونس نوشاہی، اخلاق حسنین و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان محب وطن، باصلاحیت علم و امن دوست ہیں۔ مشکلات کے باوجود گلگت بلتستان کے طلبہ نے ہمیشہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے کی جانیوالی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ملک میں قیام امن کیلئے گلگت بلتستان کے طلبہ کی عملی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن تعلیم و امن کے فروغ کیلئے اسلام کا پر امن تشخص اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری فرقہ واریت کے خاتمے، انصاف و عدل کے قیام سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن کے تحت قائم تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان کے طلباء کے خوش آمدید بھی کہتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے آئندہ بھی ایسی تربیتی نشستوں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ خوبصورت جنت نظیر وادیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعلیم و تربیت کیلئے اس طرح کے کیمپس کا انعقاد کرتے رہیں۔

دریں اثناء گلگت بلتستان کے طلبہ کیلئے منعقد کی گئی تعلیمی و تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن کے شعبہ تربیت کے نائب ناظم سرفرا احمد قادری نے کہاکہ طلبہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر امن و محبت کا پرچم تھام کر ملکی استحکام و تعمیر و ترقی کیلئے کردار ادا کریں، پاکستان بنانے میں طلبہ نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔ آج اس ملک کو مستحکم کرنے کیلئے تعلیمی اداروں کی فضاؤں کو علم دوست بنانا ہو گا۔ طلبہ لسانیت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے کتاب و قلم سے رشتہ مضبوط کریں۔ طلباء ڈاکٹر طاہر القادری کے فروغ و دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مرتب کئے گئے نصاب کا مطالعہ کریں اس نصاب کو تعلیمی اداروں تک پہنچائیں تا کہ پورا ملک اس نصاب امن سے مستفید ہو سکے۔

طلباء کیلئے روزانہ موٹویشنل ٹرینرز، سکالرز، کاروبای شخصیات، سماجی و سیاسی نامور لوگ لیکچر دینگے، طلباء کا وفد قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی و دیگر مرکزی رہنماؤں سے بھی ملاقات کرے گا۔

تبصرہ