سانحہ اے پی ایس پشاور کے ننھے شہدا اور اساتذہ کی چھوتھی برسی کے موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ماڈل ٹاؤن ڈگری کالج سے ماڈل ٹاؤن کرکٹ گراؤنڈ تک طلباء امن ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک طلباء نے شہدائے آرمی پبلک سکول کی یاد میں کتبے، بینرز اٹھا رکھے تھے۔ پلے کارڈز پردہشتگردی کی مذمت کے ساتھ ساتھ ننھے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے پیغامات درج تھے۔ ریلی میں شریک طلباء ملی نغموں پر اپنے لہو کو گرماتے رہے اور دہشتگردوں کو پیغام دیتے رہے کہ ہم دہشتگردی سے ڈرنے والے نہیں، ہم بزدل دہشتگردوں کا علم کی روشنی سے مقابلہ کرینگے۔ شدید سردی میں طلباء امن ریلی اس بات کا ثبوت ہے کہ ننھے شہداء کی یاد کو بھلایا نہیں جا سکتا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف نے کہا کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 16 دسمبر کو ہونیوالی المناک بربریت ہم کبھی بھی نہیں بھلا سکتے اور نہ ہم آرمی پبلک سکول کے ننھے محسنوں کو بھول سکتے ہیں کیونکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد سانحہ پشاو کو یاد کرنا اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ 15 دسمبر سے 17 دسمبر تک ملک کے تمام سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز میں معصوم شہدا کیلئے دعائیہ تقاریب منعقد کی جائینگی۔
ڈپٹی سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ یونس نوشاہی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ساری قوم شہدائے پشاور کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر علم کی شمعیں روشن کیں۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے ہم دہشتگردوں اور دہشتگردوں کی مدد کرنے والوں سے نفرت کرتے ہیں۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔ تقریب سے ضیاء الرحمن ضلج، فراز ہاشمی، اخلاق حسنین نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔
تبصرہ