مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ملک گیر تربیتی و تنظیمی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔ ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ذلج انقلابی، سیکرٹری انفارمیشن محب مجید، صدر سنٹرل پنجاب میاں انصر محمود، صدر لاہور یونس نوشاہی، احسان اللہ سنبل بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ اجلاس میں ملک بھر سے ایم ایس ایم کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
تحریک منہاج القرآن سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جہاں کہیں بھی انقلاب آیا اس میں طلباء اور نوجوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا، پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکزو محور 63 فی صد نوجوان ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سے وابستہ نوجوان پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، تعلیمی اداروں میں امید اور تعمیر کا پیغام لے کر انتہائی مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو تکفیریت سے بچانے اور امن کے داعی بنانے میں اپنا بھر پور علمی، فکری، تنظیمی، روحانی کردار ادا کر رہی ہے۔ الحمدللہ نوجوان شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمگیر فروغ امن کی اسلامی جدوجہد کو دل و جان سے قبول کر رہے ہیں اور امن کے اس قافلے میں دھڑا دھڑ شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ گلگت بلتستان، مظفر آباد، راولا کوٹ، میرپور، خیبر تا کراچی میں جہاں بھی گیا مجھے ہر جگہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے متحرک اور پر عزم نوجوان ’’جوانیاں لٹائیں گے انقلاب لائیں گے‘‘ کے نعرے بلند کرتے ملے۔ چند پر عزم نوجوانوں سے اپنے سفر کا آغاز کرنیوالی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ مختصر عرصہ میں لاکھوں طلباء کی نمائندہ تنظیم بن چکی ہے، الحمدللہ آج ایم ایس ایم کے تمام بڑے کالجز اور یونیورسٹیوں میں تنظیمی یونٹس قائم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایس ایم نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی اسلام اور پاکستان دوست فکر کو فروغ دینے میں شاندار قومی و ملی کردار ادا کیا، ایم ایس ایم کے نوجوانوں کی کاوشوں سے تعلیمی اداروں کو انتہا پسندانہ رجحانات اور لادینیت سے پاک کرنے کیلئے مثالی کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نہیں ریاست بچاؤ کی عظیم سیاسی جدوجہد ہو یا حصول انصاف کیلئے انقلاب مارچ، تحریک قصاص ہو یا بیداری شعور کی ملک گیر مہم نوجوان ہر اول دستہ بنے۔ اسی لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری ہمیشہ کہتے ہیں پاکستان میں تبدیلی لانے کیلئے میرے باکردار اور علم و امن سے محبت کرنے والے نوجوان کافی ہیں۔
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایم ایس ایم کو ملک بھر میں منظم و متحرک کرنے کے حوالے سے بے مثال جدوجہد کرنے پر مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف کیلئے گولڈ میڈل کا اعلان کیا اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دی اور انکی خدمات کو سراہا۔
اجلاس میں مرکزی صدر عرفان یوسف کیلئے شاندار تنظیمی خدمات پر گولڈ میڈل کا اعلان بھی کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ایس ایم کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف، سیکرٹری جنرل رانا تجمل حسین، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ذلج انقلابی، سیکرٹری انفارمیشن محب مجید، صدر سنٹرل پنجاب میاں انصر محمود، صدر لاہور یونس نوشاہی، احسان اللہ سنبل نے بھی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کیا۔
تبصرہ