تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی 23ویں یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے جسے نااہل قرار دیا اسے دوبارہ اپنا صدر چننے والوں نے دیانت، صداقت اور شرافت کی سیاست کا جنازہ پڑھا، ایک خائن کی خوشامد کرنیوالے تاریخ کے آئینے میں اپنا منہ کالا پائیں گے، عقیدہ ختم نبوت پر حملہ ہو یا عدلیہ اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی مہم، محب وطن اینکرز یاکرپشن کیسز کی جرات مندی کے ساتھ تحقیقات کرنیوالے افسران کودی جانیوالی دھمکیاں ہوں، ان سب کا مقصد انارکی پھیلانا، انصاف کے اداروں کو دباؤ میں لانا اور احتساب وعبرتناک انجام سے بچنا ہے، تاہم پاکستان کے محب وطن، پڑھے لکھے باشعور نوجوان اشرافیہ کے ان فاشسٹ ہتھکنڈوں کو ناکام بنائیں گے اور لٹیروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔
یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ ایم ایس ایم کے نوجوان مصطفوی انقلاب کا ہراول دستہ ہیں، ہمیں ایم ایس ایم کے نظریاتی محب وطن اور باشعور نوجوانوں پر فخر ہے۔
تقریب سے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، رفیق نجم، رانا تجمل، ضیاء الرحمن، احسن ایاز، میاں انصر، یونس نوشاہی، اقراء یوسف جامی ودیگر طلبہ راہنماؤں نے خطاب کیا۔
عرفان یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں ایک نصاب ہو، تعلیم سب کے لیے ہو اور کوئی ظالم قانون سے بالا تر نہ ہو، انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم کے پلیٹ فارم سے اچھے ڈاکٹرز، انجینئرز، پروفیسرز، اساتذہ اور بزنس مین نکلے جو آج پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایم ایس ایم کے نوجوانوں کو 23ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے سیاسی، معاشی، نظریاتی جرائم اور پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے ایجنڈے کو میں نے 27 سال قبل 1989 میں بے نقاب کر دیا تھا، اللہ کا شکر ہے 27 سال بعد قومی اداروں کوبھی کلیرٹی ہوگئی اور بڑے فیصلے آئے، احتساب اور قانون کی بالا دستی کا عمل اب رکنا نہیں چاہیے ورنہ پاکستان کو کرپشن اور ظلم سے پاک کرنا مشکل اور یہ قیمتی موقع ضائع ہو جائے گا۔
یوم تاسیس کی تقریب میں ایک قرارداد کے ذریعے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی وخوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں، ایم ایس ایم کی تقریب میں سابق صدور وعہدیداروں کے ساتھ ساتھ ایم ایس ایم سسٹرز کی بھی ایک بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تبصرہ