مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 23 واں یوم تاسیس جمعۃ المبارک کو منایا جائیگا۔ پورے ملک میں ’’ہم ہی ہیں نوید صبح انقلاب‘‘ کے عنوان سے تقاریب منعقد ہونگی۔ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب آج 6 اکتوبر (جمعتہ المبارک) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی شرکت و خطاب کرینگے۔ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والی مرکزی تقریب میں عوامی تحریک سٹوڈنٹس ونگ (ایم ایس ایم)کے سینکڑوں طلباء و طالبات شرکت کریں گے۔ مرکزی سیکرٹریٹ سمیت ملک بھر میں ہونیوالی تقاریب میں طلبہ کی رجسٹریشن کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں۔ ملکی حالات کے پیش نظر ایم ایس ایم کے نوجوان سیکیورٹی کیلئے بھی موجود ہونگے۔ ملک کے تمام بڑے شہروں میں’’ ہم ہی ہیں نوید صبح انقلاب‘‘ کے عنوان سے فلیکس، بینرزلگائے جائیں گے اور روڈ کاررواں بھی چلائے جارہے ہیں۔ لاہور میں ہونیوالی مرکزی تقریب میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں خطاب کرینگے اور ملک بھر کے طلبہ کو اہم پیغام دیں گے۔ مرکزی تقریب کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے عوامی تحریک سٹوڈنٹس ونگ کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے کہا کہ طلبہ کسی بھی قوم کا مستقبل اور معمار ہوتے ہیں۔ ملکی حالات پر گہری نظر رکھتے ہیں کرپشن، جان توڑ مہنگائی، بے انصافی، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم نے معاشرے کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ناگزیر ہو گیا ہے کہ مثبت تبدیلی کیلئے طلبہ و طالبات وہی کردار ادا کریں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت کیا تھا۔
تبصرہ