مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کا اجلاس

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کے عہدیداروں کا اجلاس 22 جنوری 2017ء کو مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹرل جنرل خرم نواز گنڈا پور نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایم ایس ایم کے مرکزی قائدین سیکرٹری جنرل رانا تجمل، میاں عنصر محمود، یونس نوشاہی اور عمران میرانی نے بھی شرکت کی جبکہ سنٹرل پنجاب کے عہدیداران بھی اجلاس میں موجود تھے

اجلاس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد مرکزی قائدین نے میٹنگ کی غرض و غایت کے حوالے سے شرکاء کو اگاہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ایم کے قائدین نے اظہار خیال بھی کیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ قیادت کے باعث پاکستان اور نوجوانوں کا مستقبل خطرات سے دوچار ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم دنیا بھر میں کرپشن کی عبرت ناک مثال بن چکے، ورلڈ اکنامک فورم سے پاکستانی وزیر اعظم کو خطاب کرنے کی اجازت نہیں ملی کیونکہ ورلڈ اکنامک فورم کا سٹیج ذمہ دار اور ایماندار قائدین کیلئے مخصوص تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دورہ سوئٹزر لینڈ کے اخراجات قومی خزانے میں جمع کروائیں۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم میں پاکستان کی نمائندگی نہ کر کے اس دورے کو نجی دورہ ڈکلیئر کیا۔ وزیر اعظم سوئٹزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی آڑ میں خفیہ اکاؤنٹس کی دیکھ بھال کیلئے گئے ورنہ وہ ضرور پاکستان کی نمائندگی کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم میں دنیا بھر سے 3200 کے لگ بھگ ہیڈ آف سٹیٹس اور اہم شخصیات نے شرکت کی اور اپنے اپنے ملک کی اقتصادی ترقی اور اور ترقی کے امکانات پر روشنی ڈالی مگر پاکستانی وزیر اعظم نے ایک گونگے بہرے شخص کی طرح ایک تماشائی کی حیثیت سے شرکت کی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ آف پاکستان کو وزیر اعظم کے پراسرار دورہ سؤئٹرزر لینڈ پر گرفت کرنی چاہیے۔

خرم نواز گنڈا پور نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان کے مسائل کا حل ایماندار اور ذمہ دار قیادت ہے۔ بد قسمتی سے اس وقت پاکستان کرپٹ مافیا کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران پانامہ لیکس کیس کی گرفت سے تو بچ سکتے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء انصاف بشکل قصاص مانگ رہے ہیں اور یہ قصاص ہم لے کر رہیں گے۔

عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے ہر کارکن اور عہدیدار نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ جب تک ہمارے کارکنوں کے قاتل کٹہرے میں نہیں آتے اور اپنے انجام کو نہیں پہنچتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے ایم ایس ایم کے عہدیداروں سے کہا کہ ایم ایس ایم عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآں کا ہر اول دستہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی نظریاتی بیٹے ملک کے چپے چپے میں مصطفوی انقلاب کیلئے جدوجہد کو تیز تر کر دیں اور ڈاکٹر طاہر القادری کا علم، امن، انصاف کے بول بالا کا پیغام گھر گھراور گلی گلی تک پہنچائیں۔ اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے جسٹس باقر علی نجفی کمیشن کی رپورٹ کو جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تبصرہ