مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ بھکر کا دہشت گردی کے خلاف امیدِ پاکستان کنونشن، پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی، دہشت گردی کے خلاف قرار داد بھی منظور، موجودہ حالت میں پاک فوج کا ساتھ نہ دینا ملک سے غداری ہے، پاکستان ہمارے آباؤ اجداد نے بنایا اسے بچانے کے لیے جانیں بھی قربان کر دیں گے، مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف کا کنونشن سے خطاب۔ تفصیل کے مطابق MSM نے وزیرستان میں شروع ہونے والے ملٹری آپریشن کے دوران پاک فوج کا مورال بلند کرنے کے لیے ملک بھر میں ریلیوں، جلسوں، کنونشنز اور کارنر میٹنگز کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں مومن میرج ہال بھکر میں امیدِ پاکستان طلباءکنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ایم ایس ایم کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر حافظ ثمر عباس نے کی جبکہ مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) عرفان یوسف مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر محمد جمعہ خان، سید آغا محمود احمد حسنین، ضمیر مصطفوی، عظمت شیر، ثنااللہ طاہری اور شاہد تبسم نے بھی خصوصی شرکت کی۔
مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے کہا کہ موجودہ حکمران پاک فوج کو کمزور کرنے کی عالمی سازش کا حصہ بن چکے ہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر کے 18 کروڑ عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ آج ہر محب وطن پاکستانی اپنے شیر جوانوں کے لیے دعاگو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ان لوگوں کی باتوں کو خاطر میں نہ لائے جو کتے کو تو شہید کہتے ہیں لیکن ان کی زبان اشرف المخلوقات فوجی جوانوں کو شہید کہنے سے قاصر ہو، جو یزید کو صحابی بنانے کی مذموم سازش کر رہے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو پاکستان کے بننے کے ہی مخالف تھے اس لیے انہیں اس پاک سرزمین کی قدر و قیمت کا اندازہ نہیں۔ لیکن ہمارے آباؤ اجداد نے اس ملک کو حاصل کرنے لیے قربانیاں دیں اس لیے ہمیں یہ ملک اپنی جان سے پیارا ہے۔ جب بھی وطن کو ضرورت پڑی تو جانوں کے نذرانے پیش کر دیں گے۔ دہشت گرد موجودہ دور کے خوارج ہیں جن کے ساتھ مذاکرات کرنا اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ جو لوگ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں وہ طالبان کے ہم مسلک ہیں اور انہی کی شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں لیکن جب تک ایم ایس ایم کا ایک بھی جوان باقی ہے ان کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس ملک میں طالبان کی نہیں گنبد خضریٰ کی شریعت کا نفاذ ہو گا۔
انہوں نے ایم ایس ایم کے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں، گلیوں، محلوں اور بازاروں میں پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈے کا ڈٹ کا مقابلہ کریں اور عوام کو بتائیں کہ فوجی آپریشن میں عام شہری نہیں بلکہ دہشت گرد واصلِ جہنم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کارکنان کو سوشل میڈیا پر بھی متحرک ہونے کی ہدایت کی۔ کنونشن کے اختتام پر دہشت گردی کے خلاف واک بھی کی گئی۔ ڈویژنل کوآرڈینیٹر حافظ ثمر عباس نے پاک فوج کی حمایت میں قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
تبصرہ