لاہور: ایم ایس ایم کی نومنتخب سنٹرل کیبنٹ کا اجلاس

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام نومنتخب سنٹرل کیبنٹ کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی صدر ایم ایس ایم چوہدری عرفان یوسف نے کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر صدر سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین اور صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نومنتخب کیبنٹ سے حلف وفاداری لیا۔

صدر سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا جس کی وجہ سے آج کا نوجوان خودسوزی اور ڈگریاں جلانے پر مجبور ہے۔ تعلیم کسی حکومت کی ترجیح نہیں رہی اور فروغ تعلیم کیلئے کسی قسم کا کوئی اقدام کسی دور میں نہیں کیا گیا۔ 65 سالوں سے ملک و قوم کو اندھیروں میں لے جانے کی کوئی کسر اٹھا نہ رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان کو اپنے اور ملک و قوم کے مستقبل کیلئے اٹھنا ہوگا اور قیام پاکستان کے وقت کا کردار دہرانا ہوگا۔ تاکہ ملک کے سیاسی ڈھانچے کو بدلا جاسکے اور ایسا نظام لایا جائے جو ہماری نسلوں کو ایک بہترین مستقبل کی ضمانت دے سکے۔

مرکزی صدر موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ ایم ایس ایم فروغ علم اور امن کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔ ہم اداروں کے در و دیوار پر قبضے کے قائل نہیں بلکہ طلبہ کے دلوں میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، علم و امن، محبت و بھائی چارے اور خدمت خلق کی توفیق کے چراغ روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے لئے طلبہ کو شعور دے رہی ہے اور ہزاروں نہیں لاکھوں طلبہ استحکام پاکستان کیلئے میدان عمل میں آ رہے ہیں اور ہماری دعوت پر لبیک کہہ رہے ہیں۔

اجلاس میں نومنتخب کیبنٹ میں عبدالعمار منعم کو سنیئر نائب صدر، رضی طاہر اور وحید اختر کو نائب صدر، محمد قاسم مرزا کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ جبکہ لاہور ڈویژن A سے علی رضانت، گوجرانوالہ A ڈویژن سے کاشف فیاض چیمہ، گوجرانوالہ B ڈویژن سے سبطین علی کلیر، راولپنڈی ڈویژن سے عاصم بشیر، ہزارہ ڈویژن سے علی رضا، ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن سے جلال لودھی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے اویس قرنی، بہاولپور ڈویژن سے محمد صدیق جان، ملتان ڈویژن سے محمد حسان ثانی اور چوہدری رضوان یوسف، سرگودھا ڈویژن سے حافظ ثمر عباس، ساہیوال ڈویژن سے امجد علی کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا، جبکہ صوبائی صدور سندھ سے محمد شفیع، خیبر پختون خوا سے عبدالجلیل، بلوچستان سے زاہد سنجرانی، کشمیر سے انصر بشیر اور ایم ایس ایم کراچی کے صدر وسیم اختر کیبنٹ ممبر ہوں گے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، ARID یونیورسٹی راولپنڈی، UET ٹیکسلا، UET لاہور، UET فیصل آباد، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، پنجاب یونیورسٹی لاہور، جی سی یونیورسٹی لاہور، BZU ملتان، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، پشاور یونیورسٹی، فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، یونیورسٹی آف سرگودھا، یونیورسٹی آف گجرات، PU گوجرانوالہ کیمپس، پونچھ یونیورسٹی راولاکوٹ، MUST میرپور، UAJK مظفر آباد، UVAS لاہور، نشتر میڈیکل کالج، سروسز میڈیکل کالج، کنگ ایڈورڈ کالج یونیورسٹی، گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے ایم ایس ایم کے صدرو بلحاظ عہدہ کیبنٹ کے ممبر ہوں گے۔

ایم ایس ایم کا اجلاس نمازوں کے وقفے کیساتھ صبح 11 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہا۔ صدر PAT شیخ زاہد فیاض نے نو منتخب کیبنٹ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔

تبصرہ