14جنوری کا دن ملکی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

نئے سال کا آغاز ذاتی مفادات کو قومی و ملکی مفادات کے لیے ذبح کرنے کے عہد سے کرنا ہوگا۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے نئے سال کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ تکمیل پاکستان کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ نئے سال کا آغاز ذاتی مفادات کو قومی و ملکی مفادات کے لیے ذبح کرنے کے عہد سے کرنا ہو گا۔ اگر یہ مثبت رویہ ہماری زندگی کا حصہ بن جائے تو پاکستان قائد اعظم کا پاکستان بن جائے گا اور ہم مسلم امہ اور دنیا میں اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فرسودہ نظام انتخاب اور کرپشن کے خاتمے کیلئے 14 جنوری کا دن ملکی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا۔ ہم پرامن رہتے ہوئے اپنے مطالبات منوائیں گے۔ نظام انتخاب میں اصلاحات سے تمام جماعتوں کو فائدہ ہو گا اور ملک میں نئے سال کے آغاز کے ساتھ ترقی و خوشحالی کے دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں برداشت لانا ہو گی۔ ریاست پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اداروں کے استحکام کو زندگی کا مشن بنانا ہو گا۔ اسی سے آئین کی بالادستی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام تمام مسائل کی جڑ ہے۔ اس کے خاتمے کیلئے قوم کو جمہوری انداز میں جدوجہد کرنا ہو گی تا کہ2013ء میں ملک ترقی کے نہ رکنے والے سفر کا آغاز کر سکے۔

تبصرہ