23 دسمبر کے اجتماع کا مقصد سیاست کو ظلم، استحصال اور جبر کے نظام سے پاک کرنا ہے۔ علامہ صادق قریشی

اجتماع کا مقصد ملک میں سیاسی عمل کی بساط کو لپیٹنا نہیں اور نہ ہی اس کا مقصد ملک کو جمہوریت سے ہٹانا ہے
مذہبی امور کے وزیر کا بیان حیرت انگیز اور سمجھ سے بالاتر ہے ۔علامہ صادق قریشی

تحریک منہاج القرآن کے نائب امیر علامہ صادق قریشی نے وزیر مذہبی امور خورشید شاہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 دسمبر کے جلسے نے ثابت کر دیا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ہی عوام کے حقیقی لیڈر ہیں ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے 23دسمبر کے خطاب میں کہا کہ اس اجتماع کے منعقد کرنے کے پیچھے دنیا کا کوئی ملک، کوئی ادارہ، کوئی اندرونی یا بیرونی ایجنسی ملوث ہے، نہ کسی کی خواہش ہے، نہ کسی کا ارادہ ہے اور نہ کسی کو خبر تھی۔ تمام انتظامات کی مالی قربانی سو فیصد تحریک منہاج القرآن کے کارکنان نے کی ہے اور ان کے ساتھ پاکستان کے عوام، تاجر، علماء، عامۃ الناس جو اس ملک کی تقدیر کو بدلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 23دسمبر کے جلسے میں واضح الفاظ میں کہا کہ آج کے اس اجتماع کا مقصد اس ملک میں سیاسی عمل کی بساط کو لپیٹنا بھی نہیں ہے اور نہ ہی اس کا مقصد ملک کو جمہوریت سے ہٹانا ہے بلکہ اس اجتماع کا مقصود سیاست کو غلاظت سے پاک کرنا ہے۔ سیاست کو اجارہ داریوں سے پاک کرنا ہے۔ سیاست کو جاگیرداروں، سرمایہ داروں، وڈیروں، ظالموں اور جابروں کے ظلم سے، استحصال سے اور جبر کے نظام سے پاک کرنا ہے۔ سیاست میں اٹھارہ کروڑ غریبوں کو ان کا حق دلانا ہے۔ نظام انتخاب اور نظام سیاست کی درستگی ہے۔ اس ملک سے سیاسی اور معاشی استحصال کا خاتمہ ہے۔

علامہ صادق قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی تقریراور حلفیہ بیان کے بعد مذہبی امور کے وزیر کا اس طرح کا بیان حیرت انگیز اور سمجھ سے بالاتر ہے ۔

تبصرہ