پیران کرام کو تحریک پاکستان کے وقت قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں ادا کئے کردار کو دہرانا ہو گا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے 23 دسمبر سے ملک بچانے کی جس جدوجہد کا اعلان کیا ہے اسکی حمایت میں ملک بھر کے مشائخ عظام اور پیران کرام بھی میدان عمل میں نکل آئے ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف آستانوں کے سجادہ نشینوں نے گذشتہ روز تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی اور انہیں ملک بچانے کی جدوجہد میں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ملاقات کیلئے آنے والے پیران کرام میں آستانہ عالیہ چشتیہ آباد شریف کے پیر سید خلیل الرحمان چشتی، آستانہ عالیہ اوچ شریف کے مخدوم سید نفیس الحسن شاہ بخاری، اجمیر شریف کے پیر خواجہ بلال احمد چشتی، آستانہ عالیہ کھڑی شریف خان پور کے پیر خواجہ قطب الدین فریدی، آستانہ عالیہ حضرت میاں میر رحمۃ اللہ علیہ کے پیر مخدوم سید چن پیر قادری، تحریک فیضان اولیاء کے سیکرٹری جنرل پیر سید ہارون گیلانی اور دیگر مشائخ عظام شامل تھے۔ آستانہ عالیہ چورہ شریف کے پیر سید کبیر علی شاہ، آستانہ عالیہ نقیب آباد شریف کے پیر کرنل(ر) عظمت اللہ شاہ، تحریک محبت انٹرنیشنل کے چیئرمین پیر سید ذاکر حسین سجاد زنجانی، پیر محمد حسین آزاد آستانہ عالیہ بابا جناں والا قصور نے بھی ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مشائخ اور پیران کرام وہی کردار دہرائیں جو انہوں نے تحریک پاکستان کے وقت قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں ادا کیا تھا۔ آج ملک بچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی حمایت ناگزیر ہے۔ ملکی استحکام، عوامی خوشحالی اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے پیران کرام کو کھل کر انکی حمایت کا اعلان کرنا ہو گا تا کہ ملک سے کرپشن، بدعنوانی سمیت انتہا پسندی اور دہشت گردی، مہنگائی اور قیادت کا بحران رخصت ہو سکے اور ملک ایشیاء میں باوقار مقام حاصل کر سکے۔
تبصرہ