شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا جینا مرنا پاکستان اور
19 کروڑ عوام کیلئے ہے ۔ ڈاکٹرحسین محی الدین القادری
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی قیادت میں 100 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کا
مینار پاکستان کا وزٹ
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد میں 6 دن باقی رہ گئے۔ پورے ملک میں استقبال کیلئے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ملک بھر میں خیر مقدمی بینرز، ہورڈنگز، پوسٹرز اور پمفلٹس کے ذریعے عوام ان سے والہانہ محبت کا اظہار کر کے ان کی آمد کو ملک و قوم کیلئے مایوسی کے ماحول میں امید کے ساتھ تعبیر کر رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی ا لدین قادری کو گذشتہ روز ایک سو سے زائد انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس میں تیاریوں کے حوالے سے مفصل رپورٹ پیش کی گئی جس میں بعض ضروری امور کے حوالے سے انہوں نے ہدایات دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ 23 دسمبر 2012ء حقیقت میں نیا 23 مارچ 1940 ہو گا جس میں علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ اور قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کی تشکیل کیلئے مؤثر اور قابل عمل ایجنڈے کا اعلان ڈاکٹر محمد طاہر القادری مینار پاکستان میں کریں گے۔ 12 ارب روپے روزانہ کی کرپشن کے گھاؤ کھانے والے ملک کے عوام بنیادی ضروریات کو ترس رہے ہیں اور کرپشن کے سیلاب کے آگے بند باندھنے میں قومی ادارے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔ ان حالات میں ملک بچانے کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا وطن آنا انتہائی اہم ہے۔ ملک اس وقت قیادت کے بدترین بحران سے دوچار ہے۔ موجودہ انتخابی نظام نے حقیقی قیادت کا راستہ روک رکھا ہے مگر عوامی شعور کے سیلاب میں اب اس نظام کی حقیقت تنکوں سے زیادہ نہیں ہے اور 23 دسمبر کو یہ تنکے بہہ کر سمندر برد ہو جائینگے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا جینا مرنا پاکستان اور 19 کروڑ عوام کیلئے ہے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی قیادت میں 100 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان نے مینار پاکستان کا وزٹ کیا اور پنڈال اور سٹیج بنانے سمیت دیگر تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لیا۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے کے انتظامات بھی بہت زیادہ محنت اور توجہ کے متقاضی ہیں اور ہم ان شا اللہ اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔
تبصرہ