اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اس ملک کے استحصالی ظالمانہ نظام انتخاب کے خلاف بغاوت کریں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین

23 دسمبر مینار پاکستان پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تاریخی استقبال میں کراچی سے ہزاروں طلباء و طالبات شرکت کریں گے۔ وسیم اختر
مزار قائد پر ہزاروں طلباء و طالبات نے مخصوص انداز میں کھڑے ہو کر لفظ CHANGE کو تحریر کیا اور مزار قائد کے چاروں اطراف میں کئی کلو میٹر طویل ہاتھوں کی زنجیر بنا کر استحصالی نظام انتخاب کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ٹیلیفونک خطاب

تحریک منہاج القرآن کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان میں رائج نظام سیاست جمہوریت نہیں بلکہ مجبوریت ہے۔ جس میں عوام کی عدم شرکت ہے۔ اس ملک میں 18 کروڑ عوام کے لیے نہ معیشت ہے، نہ مال کا تحفظ، نہ حقوق ہے نہ جینے کا حق، نہ کسی کی آبرو محفوظ ہے۔ عوام کے حصے میں صرف جل کر مرجانا، سڑکوں پر احتجاج کرنا، بے روزگاری اور کرپشن کے خلاف مظاہرے کرنا رہ گئے ہیں۔ موجودہ باطل سیاسی نظام کو انتخابی نظام بنیاد فراہم کرتا ہے۔ استحصالی نظام انتخاب دجالی نظام ہے۔ ظلم اور بربریت کا نظام ہے، جس میں شریف اور باکردار شہری کی کوئی جگہ نہیں۔ جو اس نظام کا حصہ بنے گا وہ اس نظام کو بدل نہیں سکے گا۔ اگر کوئی نظام بدلنا چاہتا ہے تو اس نظام کے خلاف ٹکرائے، پھر اس ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔ اس ملک کے ظالمانہ نظام کے خلاف بغاوت کریں۔

یہ بات منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے صاحبزادے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کر اچی کے زیراہتما م مزار قائد پر ہزاروں طلباء و طالبات کے پُر امن مظاہرے سے ٹیلیفونک خطاب میں کہی۔ مظاہرے میں طلباء و طالبات نے مخصوص ترتیب میں کھڑے ہو کر CHANGE کا لفظ تحریر کیا اور بعد اذاں مزار قا ئد کے چاروں اطراف کئی کلو میٹر طویل ہاتھوں کی زنجیر بنا کر ملک میں رائج استحصالی نظام انتخاب کے خلاف پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے انوکھی نوعیت کے پُرامن اور عظیم الشان مظاہرے کے انعقاد پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کے صدر وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اور طلبہ قوم کے مستقبل کے معمار ہوتے ہیں لیکن بے حس حکمران قوم کے مستقبل سے مسلسل غفلت برت رہے ہیں۔ آج ملک میں اتنی قتل و غارت ہو رہی ہے، پوری قوم کی عزت لٹ رہی ہے، کبھی پٹرول مہنگا ہوتا ہے، سی این جی نہیں ملتی، لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ آج پاکستان کو ایک کالونی بنا دیا گیا ہے۔ اسے دجل، فریب اور جھوٹ کی سر زمین بنایا جارہا ہے۔ پاکستان کو کوڑیوں کے عوض بیچا جا رہا ہے۔ ملک کی عزت، خود مختاری اور سالمیت کو بیچا جارہا ہے۔ اب قوم کے پاس صرف یہ زمین اور عمارتیں رہ گئی ہیں۔ جو دولت آتی ہے وہ ذمہ داران اپنی عیاشیوں میں اڑا دیتے ہیں۔ اب قوم کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے کہ اس ظالمانہ نظام انتخاب کے خلاف باہر نکلا آئے۔ وسیم اختر نے کہا کہ اس قوم کے محسن اور میدان سیاست کے ماہر سرجن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد ملک میں حقیقی تبدیلی کی نوید سنا رہی ہے۔ یہ قوم اپنے نجات دہندہ کی منتظر ہے۔ 23 دسمبر مینار پاکستان پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی وطن آمد پر تاریخی استقبال میں کراچی سے ٹرین مارچ کا اہتمام کیا گیا جس میں ہزاروں طلباء و طالبات عوامی استقبال میں شرکت کیلئے شریک ہوں گے۔

مظاہرے میں مختلف طلبہ تنظیموں سمیت 80 سے زائد تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات بھی شریک تھے۔ اس موقع پر حسان احمد، لطافت محمود، عصمت اللہ قادری، زاہد لطیف اور دیگر بھی موجودتھے۔

تبصرہ