ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ شاکرہ چوہدری

موجودہ انتخابی نظام کے بت کدے میں ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد کے اعلان سے ارتعاش پیدا ہو گیا ہے
کرپٹ نظام انتخاب جسد پاکستان کا کینسر ہے ڈاکٹر طاہر القادری اسکی سرجری کیلئے آ رہے ہیں
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (طالبات) کی صدر شاکرہ چوہدری کا پنجاب یونیورسٹی میں نظام انتخاب کے خلاف ریلی سے خطاب

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (طالبات) کی صدر شاکرہ چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی نظام کے بت کدے میں ڈاکٹر طاہر القادری کی آمد کے اعلان سے ارتعاش پیدا ہو گیا۔ کرپشن، برادری ازم، غنڈہ گردی، وننگ ہارسز اور ایک حلقے پر کروڑوں کے خرچ پر کھڑا نظام انتخاب زمین بوس ہونے کا آغاز 23 دسمبر کو ہو جائے گا۔ 23 دسمبر مستحکم اور خوشحال پاکستان کی تکمیل کیلئے بنیاد ثابت ہو گا۔ ڈاکٹر طاہر القادری مینار پاکستان میں قومی ایجنڈے کا اعلان کر کے پوری قوم کو لائحہ عمل دیں گے۔ پرامن جمہوری تبدیلی ہی پاکستان کے مسائل کا حل ہے اور ڈاکٹر طاہر القادری تبدیلی کے حقیقی ایجنڈے کے ساتھ وطن واپس تشریف لا رہے ہیں۔ ان کا دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے وہ چند دن بعد ان میں موجود ہوں گے۔ کرپٹ نظام انتخاب جسد پاکستان کیلئے کینسر ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری اسکی سرجری کیلئے آ رہے ہیں۔

وہ پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں نظام انتخاب کے خلاف طالبات کی طرف سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔اس موقع پر سدرہ جبیں، سدرہ کرامت، قرۃ العین اور ملکہ صباء بھی موجود تھیں۔ شاکرہ چوہدری نے کہا کہ 23 دسمبر، 23 مارچ کی طرح پاکستان کی سیاسی تاریخ میں امر ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر تمام مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو دعوت دی جائے گی۔ ہم الیکشن کے نہیں نظام انتخاب کے خلاف ہیں اور 23 دسمبر کو لاکھوں طالبات مینار پاکستان گراؤنڈ پر پاکستانی قوم کے مسیحا کے استقبال کیلئے موجود ہوں گی۔

تبصرہ