مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کے یوم تاسیس کے موقع پر امید نو طلبہ کنونشن

مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ (منہاج القرآن انٹرنیشنل) کے یوم تاسیس کے موقع پر "امید نو طلبہ کنونشن" تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں 6 اکتوبر 2012ء کو منعقد ہوا۔ جس میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران کے علاوہ طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ یاد رہے اس کنونشن کا اہتمام مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور نے کیا تھا۔

کنونشن کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر (ایم ایس ایم) تجمل حسین انقلابی نے کہا کہ علم اور کردار ہمارا اسلحہ ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ حقوق کے تحفظ، فروغ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  اور بیداری شعور کیلئے مصروف عمل ہے۔ ہماری اٹھارہ سالہ بامقصد جدوجہد میں کبھی کوئی شیشہ بھی نہیں ٹوٹا، جلاؤ گھیراؤ اور بلیک میلنگ جیسی طلبہ سیاست کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

سیکرٹری جنرل (ایم ایس ایم) رانا راحیل جاوید نے کہا کہ طلبہ کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جو قومیں طلبہ کی بہترین پرورش کرنا جانتی ہیں ان کا مستقبل روشن ہوتا ہے۔ پاکستان بنانے کیلئے طلبہ نے بیشمار قربانیاں دیں اور استحکام پاکستان کیلئے بھی طلبہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ بامقصد جدوجہد کی ہے، سیاست کی آلائشوں سے پاک ہوکر ملک و ملت کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ وطن عزیز پر جب بھی کو ئی نازک وقت آیا ہم اپنی جانیں تک لٹادیں گے۔

کنونشن سے امیر تحریک لاہور ارشاد طاہر، ایم ایس ایم لاہور کے سینئر نائب صدر سلمان بٹ، جنرل سیکرٹری لاہور بلال احمد، سیکرٹری میڈیا عثمان حیدر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ