عظمت مصطفیٰ (ص) ریلی : ایم ایس ایم ملتان

مورخہ 18 ستمبر 2012ء کو توہین آمیز فلم کے خلاف ایم ایس ایم ملتان کے زیراہتمام پرامن عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی نکالی گئی، جس میں ملتان کے تمام کالجز سے ایم ایس ایم کی تنظیمات کے علاوہ دیگر کالجز و یونیورسٹیز اور اہلیان ملتان کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اظہار وفاداری کیا۔

ریلی کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی کوآرڈینیٹر میڈیکل کالجز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈاکٹر فاروق ملک نے کہا کہ توہین آمیز فلم کی نمائش مذموم عمل ہے جس سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ اگر ایسے واقعات پر قابو نہ پایا گیا اور اس کا فوری تدارک نہ ہوا تو دنیا ہولناک خطرات سے دوچار ہو سکتی ہے۔ ایسے مذموم فعل سے انتہا پسندی میں شدت آئے گی اور بین المذاہب ٹکراؤ کا خطرہ بڑھے گا۔ اس لیے آنے والے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے عالمی برادری کو اس اہم اور حساس مسئلے کی طرف سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔

ڈاکٹر فاروق ملک نے کہا کہ توہین آمیز فلم مذموم عمل ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ انبیاء کرام، مقدس ہستیوں اور مذاہب کا احترام عالمی ضابطہ ہے، اس کو یقینی بنانا ہر ملک کی ذمہ داری ہے۔ کسی فرد ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے۔ صدر پاکستان ، وزیراعظم، اپوزیشن رہنماء اور اراکین پارلیمنٹ جو عوام کی نمائندگی کے دعویدار ہیں کو 18 کروڑ عوام کی درست انداز میں ترجمانی کرنی چاہیے۔ حکومت پاکستان امریکی سفیر کو فوری طور پر دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرائے اور اس فلم پر پابندی اور اسے تلف کرنے کا مطالبہ کرے۔ مغربی دنیا انتہا پسندی کے خاتمے میں مخلص ہے تو ایسے اقدامات کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عالمی سطح پر پہلے سے موجود قوانین پر عمل درآمد کرانا ہی دنیا میں شدت پسندی کے رجحان میں کمی لا سکتا ہے۔ ایسی فلمیں اور مواد ریلیز اور شائع کرنے کے حوالے سے مزید سخت قوانین بنانے کی بھی شدید ضرورت ہے تا کہ اظہار رائے کے نام پر ایسے مذموم اقدامات کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضلع ملتان کے قائدین ڈاکٹر نعیم الحسن، راؤ عبدالخالق، صادق جٹ، جنید قادری، عمیر امتیاز، محمود الحسن، محمود جٹ، رضوان یوسف، مدثر لغاری، حارث خان، خالد نعیم، یاسر نورانی، کامران چغتائی اور دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ